اسلام آباد: اسلام آباد اور راولپنڈی میں آٹھ سو سے زائد کنٹینرز پہنچا دیئے گئے جبکہ فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ کا عملہ کنٹینر لینے ڈرائی پورٹ پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں فیض آباد ،ایکسپریس وے سمیت پانچ سے زائد مقامات کو سیل کیا جائے گا، دوسری جانب فیصل آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈرائی پورٹ سے کنٹینرز شہر کے مختلف داخلی راستوں پر موجود ناکوں پر رکھنے کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ موٹر وے کو بھی کنٹینرز کے ذریعے بلاک کیے جانے کا خدشہ ہے۔
تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے خائف حکومت نے اسلام آباد کو سیل کرنا شروع کردیا۔
اس سال چودہ اگست کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں یوم آزادی کی خوشیوں کی جگہ سیاسی دھمال ہوتا نظر آرہا ہے، اس دھمال کو روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے انتظامی مشینری متحرک کر دی ہے، جڑواں شہر سیل کئے جا رہے ہیں، دونوں شہروں میں آٹھ سو سے زائد کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ۔
پولیس کی جانب سے کنٹینرز کی پکڑا دھکڑی کے بعد ایسا لگتا ہے، جیسے یہ کنٹینرز ہر سڑک ہر گلی میں سجائے جائیں گے اور عوام کا سونامی روکنے کیلئے تمام گر آزمائے جائیں گے۔