کابل: افغانستان کے صدر اشرف غنی احمد زئی جمعہ کو دو روزہ سرکاری دورہ پر پاکستان پہنچیں گے، گزشتہ ماہ اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
افغان صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے دی تھی اور ان کا یہ دعوت نامہ وزیراعظم نواز شریف کے خصوصی مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز نے ان تک پہنچایا تھا، جمعرات کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بھی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران افغان صدر کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ افغان صدر اشرف غنی اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے، جہاں پر دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور بارڈر سیکورٹی سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔