پاکستان کا کہنا ہےکہ امریکہ کا امداد کو شکیل آفریدی سے مشروط کرنا درست نہیں، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شکیل آفریدی نے ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی، ان کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔
دفترخارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شکیل آفریدی پاکستانی شہری ہے اور اس پر ملکی قوانین کو سبوتاژ کرنے کا الزام ہے، شکیل آفریدی کی جانب سے کئے جانیوالے اقدام کے باعث ملک میں پولیو مہم کوشدید نقصان پہنچا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے منظور کردہ بل میں پاکستان کو دی جانیوالی مجوزہ تینتس ملین ڈالرامداد کو شکیل آفریدی کی رہائی تک روکے رکھنے پر سخت مایوسی ہوئی ہے اور امریکی امداد کو شکیل آفریدی کے معاملے سے مشروط کرنا دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کے منافی اقدام تصور ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ شکیل آفریدی کا کیس عدالت میں ہے اور اس کا فیصلہ عدالت ہی نے کرنا ہے، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ سے باہمی احترام، دلچسپی اور قریبی تعاون پر تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے، انھوں نے توقع ظاہر کی کہ امداد کی فراہمی کا معاملہ تعمیری انداز میں آگے بڑھے گا۔