منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کی اے این پی کے رہنما اسفندیارولی سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے اسلام آباد میں اے این پی کے رہنما اسفندیار ولی سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کے گھر آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ عمران خان آزادی مارچ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے لیکن بھر پور کوشش سے مسئلے کا حل نکالنا چاہتے ہیں، نہیں چاہتے کہ ملک میں پھر ایم آر ڈی یا اے آر ڈی بنے، ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں ن لیگ اور تحریک انصاف پر دباؤ بڑھا رہی ہیں اورایسے حالات بنانے کی کوشش جاری ہیں کہ خطرہ ٹل جائے اور سسٹم بھی ڈی ریل نہ ہو، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہئے لیکن پی ٹی آئی کادیگر سیاسی جماعتوں سے فاصلہ بڑھ رہا ہے ۔

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام کو بچانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں جاری ہیں اور کل وہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں چھپن سال تک آمریت رہی اس لئے صبر سے کام لیتے ہوئے آہستہ چلنا ہو گا ۔

اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان بات چیت سے مسائل کا حل نکالیں،اگر اناء کی وجہ سے دونوں ساتھ نہیں بیٹھ سکتے تو معاملے پر کمیٹی بنا کر بات چیت جاری رکھی جائے،ان کا کہنا تھا کہ دونوں سیاسی جماعتیں انتہاء کی طرف جا رہی ہیں دونوں فریقین انتہاء پر جائیں گے تو مسئلہ حل نہیں ہو گا،ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور تحریک انصاف کو صبر و تحمل سے کام لینا چاہئے، اگر نظام کو نقصان ہوا تو ہمارے بڑوں کی ساری جدوجہد رائیگاں چلی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں جمہوری نظام کو بچانے اور پروان چڑھانے کے لئے قربانیاں دیں، نواز شریف کو نہیں عوام کی جانب سے دئیے گئے مینڈیٹ اور پارلیمنٹ کو سپورٹ کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اے این پی تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے خیبر پختونخواہ حکومت کے خلاف بھی کسی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔

اہم ترین

مزید خبریں