راولپنڈی: ماڈل ایان علی کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم پراڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ایان کو ان کی جان کو درپیش سنگین مسائل کے سبب سخت سیکورٹی کے حصار میں رہا کیا گیا۔
واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لاوٗنج سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر منی لانڈرنگ کا الزام تھا۔
کسٹم حکام کے مطابق گرفتاری کے وقت ایان کے پاس سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے جن کے متعلق ان کا موقف تھا کہ یہ رقم انہوں نے اپنے بھائی کے حوالے کرنی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایان علی رہائی کے بعد بینظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے کراچی روانہ ہوں گی۔
ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ایان کے بیرون ملک سفر پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی ہے۔