دبئی: ایشیا کپ کا فارمیٹ تبدیل کردیا گیا، دوہزار سولہ میں ایشیا کپ پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو اشرف الحق کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ اب ہر دو سال بعد منعقد ہوگا، ایک بار ٹی ٹوئنٹی اور دوسری بار ون ڈے فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔
دوہزار سولہ میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کی وجہ سے ایشیا کپ کا فارمیٹ پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میں تبدیل کردیا گیا ہے، جو جنوری میں ہوگا، میزبان ملک کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں ایک یا دو ایسوسی ایٹ ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کے بعد ایونٹ میں شامل ہوسکتی ہیں۔
دوہزار اٹھارہ میں ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ کے تحت ہوگا تاکہ پچاس اوورز کے ورلڈ کپ سے مطابقت ہوسکے جو دو ہزار انیس میں ہو گا۔
دوہزار چودہ میں بنگلہ دیش میں ہونے والا ایشیا کپ سری لنکا نے جیتا تھا۔ پاکستان دو مرتبہ ایشیا پر حکمرانی کرچکا ہے۔