کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں شارع فیصل کے قریب پولیس چوکی پر دستی بم سے حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں شاہراہ فیصل پر واقع پولیس چوکی پر دستی بم سے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ وزیراعلی نے مجرموں کیخلاف سخت اقدام اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بم حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو موثر طبی امداد دی جائے، قائم علی شاہ نے شہر میں سخت پیٹرولنگ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ملک کی نازک ترین سیاسی صورتحال میں کراچی میں دستی بم حملے کے ذریعے پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے کی واردات کھلی دہشتگردی ہے اور جو عناصر بھی اس میں ملوث ہیں وہ سخت گرفت اور سزا کے مستحق ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے دستی بم حملہ میں شدید زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔
رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شارع فیصل پر پولیس چوکی پر دستی بم حملہ میں ملوث دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کو حاصل سرپرستی کا عمل بند کرایا جائے۔