اسلام آباد : ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک میں غداری اور حب الوطنی کے سرٹفکیٹس دینے کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔
ایم کیو ایم کی پیپلز پارٹی کے ساتھ گذشتہ پانچ سالہ گورننس ملکی تاریخ کی بد ترین حکومت تھی۔ کراچی میں سیاسی پرستی میں زمینیں شتر بے مہار کی طرح بانٹی اور پانی بیچا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پی ایف یو جے کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف کوئی نیا کیس نہیں بن رہا۔ اس لئے 1990 کے کیسز سامنے لا ئے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ انیس سو ننانو ے میں کچھ لوگ جان بچانے کے لئے انڈیا چلے گئے تھے جنہیں واپسی پر گرفتار کر لیا گیا ۔ ملک میں غداری اور حب الوطنی کے سرٹفکیٹس دینے کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پہلی سیاسی جماعت ہے جسے پیمرا نے نوٹس جاری کیا ہے۔ اظہار آزادی کے تحت تقریر سننا میرا حق ہے۔ ملک میں فیصلے بادشاہت کی طرز پر ہو رہے ہیں ۔
فاروق ستار نے کہا کہ وفاق کو کمزور کیا جا رہا ہے ۔ بجٹ سے پہلے منی بجٹ لایا گیاہے۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر ایک جماعتی نظام نافذ نہ کیا جائے۔
تقریب سے خطاب میں اے این پی کے رہنماء شاہی سید کا کہنا تھا کہ ملک میں قانون تو موجود ہے تاہم عملدر آمد نہیں ہو رہا ۔ عملدر آمد ہو تو ملک ٹھیک ہو سکتا ہے۔ قانون و انصاف صرف کتابوں کی حد تک محدود ہے۔