لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت آج ختم ہورہی ہے، الطاف حسین اپنی رہائش گاہ سے میٹروپولیٹن پولیس اسٹیشن پہنچ چکے ہیں۔
انہوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام اہل وطن کو سلام کہتے ہوئے ان کے لئے دعا کی اپیل کی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد کے ہمراہ ان کے وکلاء کی ٹیم اور پارٹی کے سینئر عہدیداران فاروق ستار اور بابر غوری بھی موجود ہیں۔
الطاف حسین کو جون 3، 2014 کو ان کے گھر پر چھاپے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا اور ابتدائی تفتیش کے بعد انہیں 30 جولائی 2014 تک کی ضمانت دی گئی تھی جس کے بعد وہ 31 جولائی کو دوبارہ پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے جہاں ان کی ضمانت میں آج کی تاریخ تک کی توسیع کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد برطانوی پولیس سے ضمانت میں توسیع کی درخواست دیں گے۔
لندن سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لندن پولیس الطاف حسین کے سامنے منی لانڈرنگ سے متعلق اب تک حاصل کردہ ثبوتوں پر تفتیش کریں گے۔
پولیس ذرائع کے مطابق الطاف حسین کی خرابی صحت کی بناء پراسپتال میں خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
لندن پولیس کے پچیس ارکان الطاف حسین کو لینے کے لئے آج صبح ان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔