لاہور: لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 122 دھاندلی کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو چھ دسمبر کو طلب کرلیا ہے۔
الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک نے کیس کی سماعت کی ہے۔ چھ گواہان نے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے جس پر جرح مکمل کر لی گئی۔
عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دھاندلی سے حلقہ این اے ایک سوبائیس میں کامیابی حاصل کی لہذا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔
اس سے پہلے سردار ایاز صادق نے الیکشن ٹریبونل کی کارروائی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی تھی جس پر تیرہ ماہ تک الیکشن ٹریبونل کی کارروائی معطل رہی تاہم ہائیکورٹ کی جانب سے درخواست خارج کیے جانے کے بعد باقاعدہ سماعت کا آغاز کیا گیا تھا۔