کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی نے آئی جی سندھ سے محکمہ پولیس میں مزید بھرتیاں کرنے اور حساس مقامات کی سیکیورٹی کیلئے ریٹائرڈ فوجیوں کو بھرتی کرنے کی درخواست کی ہے۔
شہر کراچی کے حالات ، امن وامان کی خراب صورت حال کے پیش نظر محکمہ پولیس میں مذید بھرتیوں کی درخواست ایڈیشنل آئی جی کراچی نے آئی جی سندھ سے کی، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ا یڈیشنل آئی جی نے آئی جی کو خط لکھ کے پولیس میں مذید نفری کی ضرورت کے ساتھ وسائل میں کمی کا بتایا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے پاس وسائل کی کمی کی وجہ سے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکتی ۔ آپریشن میں تیزی لانے کیلئے پولیس میں بھرتی کی جائے، خط کے متن کے مطابق حساس مقامات کی سیکیورٹی کیلئے دس ہزار ریٹائرڈ فوجیوں کو بھرتی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی نے آئی جی سندھ سے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ محکمے کو جدید آلات اور اسلحہ کی بھی ضرورت ہے،جس کے لئے دس ہزار بلٹ پروف جیکٹس، بلٹ پروف ہیلمٹ ،پچاس بکتر بند گاڑیاں،پانچ ہزار ایس ایم جیزاور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جائیں۔