پانی اور بجلی کے وزیرمملکت عابد شیرعلی خیبرپختونخوا حکومت پر گرجے تو شاہ فرمان وزیرمملکت پر برس پڑے، عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ بجلی چوری بند نہ ہوئی بجلی بند کردیں گے جبکہ شاہ فرمان نے کہا کہ بنوں کی بجلی بند ہوئی تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے۔
خیبرپختونخوا میں لائن لاسز کے معاملے پر عابد شیرعلی کے بیان نے ایک نئی بحث چھیڑ دی، عابد شیرعلی نے خیبر پختونخوا کے وزرا پر بجلی چوروں کی پشت پناہی کا الزام لگایا۔
عابد شیرعلی کے الزامات کا جواب دینے کیلئے صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان میدان میں آگئے اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں وفاق کے خلاف شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔
شاہ فرمان وزیراطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرتے ہیں اور ہمیں واجبات بھی نہیں دیئے جاتے، ملک کا ہر شہری سوچنے پرمجبور ہے کہ بجلی پر سیاست کب تک چلے گی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کب ختم ہوگی اور کب سستی بجلی ملے گی۔