لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ میانمار میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر اقوام عالم کی بے حسی قابل افسوس ہے۔
برمی مسلمانوں سے ان کے بنیادی انسانی،مذہبی حقوق چھین لئے گئے ،انہیں بھیڑ بکریوں کی طرح ذبح کیا جا رہا ہے مگر عالمی ضمیر کی بے حسی اور خاموشی میں رتی برابر فرق نہیں آیا ۔
عوامی تحریک کے میڈیا سیل کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل،یورپی یونین ،او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ برمی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم بند کروانے کےلئے وہ اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک میانمارسے شدید احتجاج ریکارڈ کروانے کے بعد چند روز کی ڈیڈ لائن دی جائے اور نتیجہ نہ نکلنے پر مسلمان ممالک برما سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیں ۔
ڈاکٹرطاہر القادری نے اقوام متحدہ سے میانمار میں مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کو روکنے کےلئے ہنگامی اقدامات کے تحت امن فوج کے دستے بھجوانے کا بھی مطالبہ کیا۔