جب میں مغرب گیا تو اسلام کو بغیر مسلمانوں کے دیکھا، جب واپس مشرق میں آیا تو مسلمانوں کو بغیر اسلام کے دیکھا۔
یہ الفاظ کسی اور کہ نہیں عاشق رسول صلی الله علیہ وآلہ وسلم اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے ہیں جن سے کسی صورت اختلاف نہیں کیا جاسکتا کیونکہ علامہ اقبال نے عشق کی وە منازل تہہ کیں کہ تلاوت قرآن کے وقت قرآن کریم آپ کے آنسوؤں سے تر ہو جاتا آپ عشق رسول صلی الله علیہ وآلہ وسلم میں اس قدر سر شار ہوۓ کہ اہل دنیا کی زبانوں پر آج بھی آپ کی صفات کا سلسلہ روز اول کی طرح جاری ہے۔
اور کیوں نہ ہوتا جب کوئی الله تعالی کے احکامات اور آقا کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں سرشار ہوجاتا ہے تو الله تعالی اسکا ذکر زمین والوں ہی نہی آسمان والوں میں بھی عام کر دیتا ہے اور ملائکہ الله تعالی کے حضور اسکی بخشش کی دعائیں کرتے ہیں۔
نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی آمد اہل دنیا کے لۓ ایک ایسے رہنما کی سی ہے جو اندھیروں اور گمراہی میں ڈوبے انسانوں کیلۓبائص رحمت ہے۔
آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی موجودگی اس کائنات پر الله تبارک و تعالی کا احسان عظیم ہے۔
آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے قبل اہل دنیا جہالت کی ان سیاە گھاٹیوں میں گم تھے جنکا وجود محض نفرت ، بغض اور عداوت پرمشتمل تھا۔ آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی آمد با سعادت کے ساتھ ہی نفرتوں کا وجود مٹنے لگا حتکہ آپ کی تریسٹھ سالہ حیات مبارکہ میں الله تبارک و تعالی نے قیامت تک آنے والےتمام مسائل کا حل سمو دیا ہے۔
آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کے ہر لمحےکو الله تعالی نے انسانیت کیلۓ رہنمائی اور ہدایت کا ایسا ذریعہ بنا کر قیامت تک آنے والوں کیلۓ ایک مکمل ضابطہ حیات بنادیا ہے۔
مگر افسوس کے جو طریقہ آقا کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں سکھایاہم اس کو چھوڑ کر دنیا میں فلاح چاہتے ہیں۔ جہاں صرف دنیا کا ذکر اسلۓ کیا ہے کہ آخرت کو تو ہم نے ویسے ہی بھلادیا ہے۔ یوں نافرمانیوں میں لگے ہوۓ ہیں، جیسے ہم نے مرنا ہی نہیں ہے۔ یہ سب کچھ ہم نے تو بھلا دیا مگر اہل مغرب نے نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے بتلاۓ ہوۓ طور طریقوں کو اپنا کر ترقی و منزلت کی وە منازل تہہ کرلیں جو شاید ہم کبھی تہہ نہ کر سکیں۔
ہم اپنے قول و فعل کے تضاد کا اندازە ایک حالیہ تحقیق سے لگا سکتے ہیں جوکچھ اور نہی تو ہماری ۔ناکامی کے اسباب ضرور بتادے گا
جارج واشنگٹن یونیورسٹی واشنگٹن ڈی سی کے شعبہ انٹرنیشنل بزنس اور انٹرنیشنل ریلیشنز کے پروفیسر شہزاد ایس رحمان اور پروفیسر حسین عسکری نے الله تعالی کے احکامات، قرآنی ارشادات سے مطابقت رکھنے والے ممالک کی درجہ بندی کی ۔ زندگی گزارنے کیلۓ اسلامی اقدار کے نفاذ میں پہلا نمبر ملک آئرلینڈ کا ہے۔ آئرلینڈ کے معاشرە میں سب سے زیادە شخصی آزادی، انسانی حقوق کا خیال رکھا جاتا ہے۔ اور یہ میرا ذاتی مشائدە بھی ہے کہ آئرلینڈ کے لوگ نہ صرف انسانوں کے حقوق کا خیال رکھتے ہیں بلکہ جانوروں کے حقوق کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ اور اسی لۓ آج آئرلینڈ کو رہنے کیلۓ جنت سمجھا جاتا ہے۔ اس درجہ بندی میں دوسرا نمبر ڈنمارک کا ہے۔ اور ڈنمارک وہ ملک ہے جہاں ملاذمین کی تنخوائیں انکے میز پر رکھ دی جاتی مگر وہاں چوری کا تصور تک نہی ہے۔
سویڈن کا نمبر تیسرا اور برطانیہ کا چوتھا ہے۔ امریکہ پندرہویں،ہالینڈ سولہویں اور فرانس سترہویں نمبر پر ہے۔ مقام حیرت یہ ہے کہ مسلمانوں کیلۓ سب سے زیادە قابل نفرت ملک اسرائیل اس درجہ بندی میں ستائیسویں نمبر پر ہے۔
اور سب سے پہلا اسلامی ملک اس فہرست میں تینتسویں نمبر پر ہے اور اس ملک کا نام ملائیشیا ہے۔ بھارت کا نمبر 81 ہے تو اسلام کے نام پر وجود میں آنے والا آپ کا اور میرا اسلامی جمہوریہ پاکستان کا نمبر 147 ہے۔
اس درجہ بندی کو دیکھنے کے بعد بہت سے اہل علم اور عقل سلیم سے مالا مال نفوس کو اپنی ناکامی کی سمجھ ضرور آگئی ہوگی۔آخر وە کون سی وجوہات ہیں کہ آج ہم ناکام و نامراد ہیں۔ آخر کیوں دشمن کے دل سے ہمارا خوف ختم ہوگیا؟
الله تعالی کے بنائے ہوۓ قانون کو ایک سائیڈ پر کر کے کب کوئی فلاح پا سکتا ہے۔ نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے طریقہ میں دونوں جہانوں کی فلاح ہے اس طریقہ کو چھوڑ کر ہم اس جہان میں تو ناکام ہیں ہی، یقینا آخرت میں بھی ناکامی ہمارا مقدر بنے گی۔
وقت ہو تو غور ضرور فرمائیے گا