ڈھاکا : بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں میزبان بنگلہ دیش نے بھارت کو حیرت انگیز طور پر دوسرے میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی اوپنر روہت شرما صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
ویرات کوہلی اور شیکھر دھون نے دوسری وکٹ کی شراکت میں74 رنز بنائے، لیکن 23 رنز بنانے کے بعد کوہلی ناصر حسین کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔ شیکھر دھون نے شاندار بیٹنگ کی اور 53 رنز اسکور کئے لیکن 109 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی پویلین لوٹ گئے جبکہ ایک رن کے اضافے سے امبتی رائیڈو کی اننگ بھی ختم ہو گئی۔
اس موقع پر کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور سریش رائنا نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کرتے ہوئے 53 رنز کی شراکت قائم کی لیکن پھر دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔
اسکور 198 تک پہنچا تو بھاررتی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تاہم اسی موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی۔ جس کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسے فی اننگ 47 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
میچ دوبارہ شروع ہوا تو جدیجا پہلی ہی گیند پر 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ اگلے ہی اوور میں 200 کے مجموعی اسکور پر دسواں ہندوستانی کھلاڑی بھی پویلین لوٹ گیا۔
بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے اس اننگ میں بھی شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں بنگلہ دیشی ٹائگرز نے ذمے دارانہ کارکردگی کا مطاہرہ کیا اورمیچ میں چھ وکٹ سے فتح اپنے نام کر لی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن ناقابل شکست 51 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ مشفیق الرحیم نے 31، لٹن داس نے 34 اور سومیا سرکار نے 36 رنز بنا کر ہندوستانی ٹیم کوشکست دی۔
مستفیض الرحمان چھ وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔