ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

بھارتی جارحیت، قومی سلامتی کا اجلاس آج ہوگا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: بھارتی جارحیت پر حکمت عملی طے کرنے کے لئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

اسلام آباد میں وزیرِاعظم نوازشریف نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل بھارتی جارحیت پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج صبح دس بجے طلب کرلیا ہے۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان اورڈی جی آئی ایس آئی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان، وزیرِدفاع خواجہ محمد آصف ، وزیرِاطلاعات سینیٹرپرویزرشید، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز سمیت اعلیٰ سیکیورٹی و سرکاری حکام بھی شرکت کریں گے

- Advertisement -

اجلاس میں آپریشن ضربِ عضب پر پیش رفت اور اس میں پاک فوج کی کامیابیوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دو نکاتی ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، قومی سلامتی کمیٹی بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ اور سرحدی خلاف ورزیوں کے واقعات کا جائزہ لے گی جبکہ اعلیٰ سیکیورٹی حکام اس غیرمعمولی صورت حال اور اب تک ہونے والی جانی ومالی نقصان پر بریفنگ دیں گے۔

اجلاس کو پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی پر بھی اعتماد میں لیا جائے گا، حکام کا کہنا ہےکہ مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز اجلاس کو بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کے اب تک کیے گئے سفارتی رابطوں پر بریفنگ دیں گے،

حکام کے مطابق بھارت کے اشتعال انگیز رویے سے متعلق حکومتی حکمت عملی کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں