اسلام آباد: گزشتہ روز بھارتی فوج نے دھوکے سے رینجرز کے دو اہلکار شہید کر دیئے تھے، جس کے بعد اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے سخت احتجاج کیا گیا۔
شکر گڑھ سیکٹر پر شہید دونوں جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، پاکستان نے ورکنگ باونڈری پر بھارتی فورسز کی فائرنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا اور رینجرز کے دو اہلکاروں کی شہادت پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت تحقیقات کراکے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے اور جنگ بندی معاہدے کو یقینی بنائے، شکر گڑھ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کے سیکٹر کمانڈر نے فلیگ میٹنگ کی درخواست کی تھی۔
رینجرز اہلکار لانس نائیک ریاض شاکر اور لانس نائیک محمد صفدر ورکنگ باؤنڈری پر موجود تھے کہ بھارتی فورسز نے اچانک بلااشتعال فائرنگ شروع کردی، جو کئی گھنٹے تک جاری رہی فائرنگ سے زخمی ہونے والے رینجرز اہلکار وں کو شکر گڑھ سیکٹر سے اٹھانے تک نہیں دیا گیا اور خون زیادہ بہہ جانے کے باعث دونوں رینجرز اہلکار جام شہادت نوش کرگئے، ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔