نئی دہلی: بھارت میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں ریل گاڑی کے حادثے میں کم ازکم چارافراد ہلاک اوردرجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
بھارتی ریلوے کے افسرانل کماراگروال کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ جمعے کوکرناٹک اورتامل ناڈو کی سرحد پر ہوسر کے علاقے میں ہوا۔
ریلوے کے یونین وزیر سریش پھربھو کا کہنا ہے کہ حادثہ ریل گاڑی کے ٹریک پرگری چٹان سے ٹکرانے کے نتیجے میں پیش آیا اوربنگلورسے ارناکلم جانے والی ٹرین کی نو بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں۔
وزیرنے ٹوئٹرپراپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ حالات پرمسلسل نظررکھے ہوئے ہیں اور متعلقہ حکام سے رابطے میں بھی ہیں۔
خبررساں ادارے اے پی کے مطابق کرناٹک ریلوے کے اہلکارانل اگروال نے حادثے میں چار ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو بنگلورکے مختلف ہسپتالوں میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
بھارت میں ریل کے نظام کا شمار دنیا کے سب سے بڑے ریل نیٹ ورکس میں ہوتا ہے اور روزانہ دو کروڑ 30 لاکھ افراد ریل گاڑیوں پر سفر کرتے ہیں۔
ملک میں ریل کے حادثات عام ہیں جن میں بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوتے ہیں۔
گذشتہ برس کے دوران ہی بھارت میں ریل کے پانچ بڑے حادثے ہوئے تھے جن میں سینکڑوں افراد مارے گئے تھے۔
سنہ 2012 میں جاری کی جانے والی ایک سرکاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بھارت میں ہر سال تقریباً 15 ہزار افراد مختلف حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔
رپورٹ میں خراب حفاظتی معیار کی وجہ سے ہونے والی ان اموات کو ایک طرح کا قتل عام قراردیا گیا تھا۔