لاہور: وفاقی وزیرِ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن پر پہلے ہی اتفاق ہوچکا تھا، مذاکرات وزیرِاعظم کے استعفے کے مطالبے پر ٹوٹے، مذاکرات میں جلد سے جلد بریک تھرو لانے کی کوشش کریں گے۔
لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف سے مزاکرات کا سلسلہ وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ٹوٹا تھا، انھوں نے کہا کہ اگر تحریکِ انصاف مزاکرات کے لیے ایک قدم اٹھائے گی تو حکومت دو قدم آگے بڑھے گی ، امید ہے کہ مزاکرات کے دوران دونوں فریقین بیان بازی سے گریز کریں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت سمیت اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ اکیلا ہی مسائل حل کرلے گا تو اس کی خام خیالی ہے، ملک کو جتنی ضرورت نواز شریف کی ہے اتنی ہی عمران خان اور آصف زرداری کی بھی ہے، اگر یونہی مخالفین کے خلاف نعرے لگائے جاتے رہے تو ملک جنگل کاقانون بن جائے گا اور گلی گلی کارکنوں کے سر پھٹیں گے۔