اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن میں چار غیر ملکیوں سمیت تین سو سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے چار غیر ملکیوں سمیت تین سو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ تین افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ آئی نائن سبزی منڈی، تھانہ گولڑہ، کورال، شہزاد ٹاؤن نیلور اور تھانہ بارہ کہو کے علاقوں جبکہ راولپنڈی میں پیرودھائی، نیو ٹاؤن، بنی وارث خان، صادق آباد سٹی سمیت متعدد تھانوں کے علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جڑواں شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کردی ہے اور آنے جانے والی گاڑیوں کی سخت تلاشی جاری ہے۔
اس کے علاوہ بی بی ایئرپورٹ سمیت اہم پبلک مقامات اورسرکاری عمارتوں کی کڑی نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔ شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی، وفاقی دارالحکومت اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کیخلاف کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک متعدد دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ہیں۔