کراچی : نائن زیرو سے گرفتار عبید کے ٹو سمیت چار ملزمان کی تفتیشی رپورٹ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کردی گئی، سانحہ بارہ مئی کے مقدمے میں ملزم نعیم گڈو کو چودہ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں ملزم عبید عرف کے ٹو کی تفتیشی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم نے جیلر امان اللہ کا قتل صولت مرزا کو سہولتیں نہ دینے پرکیا اور اسی قتل کے مقدمے میں اشتہاری تھا، ملزم سعید برہم کے جیل سے رہا ہونے کے بعد قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جس کیلئے لیاقت آباد کے اسکول اور ابسرا اپارٹمنٹ میں میٹنگ ہوئی، پندرہ جون دوہزار چھ کو جیلر امان اللہ کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، ملزم نے انیس سو ستانوے سے لے کر گرفتاری تک اہلکاروں کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔
عبید کے ٹو نے مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنوں کو بھی قتل کیا، نائن زیرو سے گرفتار فیضان، ممتاز، وجیہہ کا چالان بھی عدالت میں پیش کردیا گیا۔
سانحہ بارہ مئی کےمقدمے میں ملزم نعیم عرف گڈو کو عدالت نے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کےحوالے کردیا۔