چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ حکومت عوام کو گیس اور بجلی میں سے کوئی ایک سہولت تو فراہم کرے، عام آدمی کے لئے ایک ہزار روپے من کی لکڑی لے کر جلانا ممکن نہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطا بندیال نے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا، حکومتی غفلت کے باعث عوام پتھر کے دور میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے حکومت بجلی یا گیس میں سے کوئی ایک سہولت تو عوام کو فراہم کرے، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے، عام آدمی کس طرح ایک ہزار روپے من لکڑی خرید کر گھر کا چولھا جلاسکتا ہے، عدالت نے وفاقی حکومت، محکمہ گیس اور لیسکو سے دو ہفتوں میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔