لاہور: سابق نائب وزیر اعظم اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے تیسری بار وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے کیلئ پنجاب کی بجلی اور گیس کا سودا کر دیا گیا۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا لوڈ شیڈنگ سے صوبے کی صنعتیں دیوالیہ اور عوام بے حال ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں روزانہ بیس بائیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باعث صنعتیں و کاروبار بند اور چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔
حکومت کے جھوٹے وعدوں کا سڑکوں پر ماتم کرنے والے محنت کش اور روزہ دار بجلی مانگ رہے ہیں، چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا نندی پور، اوچ، گدو اور ساہیوال پاور پراجیکٹس کی حقیقت بھی عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے۔
ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے پراجیکٹ لگانے کا شور مچانے اور ان کا افتتاح کرنے والوں نے آج تک ایک میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل نہیں کی۔