خیر پور: پولیس نے ایک مشتبہ ڈاکو کو مقابلے کے دوران ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے جبکہ ورثاء کا کہنا ہے کہ عبدالستار عید منانےدبئی سے آیا تھا۔
خیر پور میں ہونے والا پولیس مقابلہ ایک معمہ بن گیا، فیض گنج تھانہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مشتبہ ڈاکو جان سے گیا، پولیس کا دعوی ہے کہ مارے جانے والے شخص جس کی شناخت عبدالستار کے نام سے کی گئی ہے، وہ ڈاکو ہے، جو پنجاب کے علاقے ملتان کا رہائشی ہے۔
عبدالستار کے ورثا نے اس پولیس مقابلے کو سراسر پولیس کا ڈرامہ قرار دیا ہے، ان کے بقول عبدالستار ڈاکو نہیں بلکہ دبئی میں کاروبار کرتا ہے اور وہ اپنے دوستوں کے ساتھ عید منانے کے لئے کراچی سے ملتان جارہا تھا، اس کے پاس موجود پچیس لاکھ روپے کے بانڈز اور نقدی حاصل کرنے کے لئے خیرپور پولیس نے عبدالستار کو موت کی نیند سلا دیا۔
ورثا نےاعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ خیرپور پولیس کی زیادتی کا سپریم کورٹ نوٹس لےکر انصاف فراہم کرے۔