نیویارک: دنیا بھر میں دو ارب سے زائد مسیحی کرسمس تقریبات روایتی جوش و جذبےسے منا رہے ہیں۔
کرسمس کی تقریبات کا آغاز عیسائیت کے مرکز ویٹکن سٹی سے ہوا ۔جہاں پوپ فرانسیس نے سينٹ پيٹرز گرجا گھر ميں ہزاروں افراد کی موجودگی ميں شمع جلا کر کرسمس تقريبات کا باقاعده آغاز کيا۔ اپنے خطاب ميں ان کا کہنا تھا کہ کرسمس کا تہوار محبت٬ امن اور اتحاد کا پيغام ہے۔
انہوں نے دنيا بھر کے لوگوں کے درميان حقيقی بھائی چارے کے قيام اور ظالموں کے ليے سزا کی دعا کی۔ تقریب میں عالمی عیسائی پیشوا نے لوگوں کو خود غرضی اور غرور سے بچنے اور کھلے دل کے ساتھ دل جیتنے کی تلقین بھی کی۔
دنيابھر ميں مسیحی برادری کرسمس مذہبی جوش و جذبے سے منارہی ہے ۔ امریکا میں کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔جہاں لوگوں نے امن اور سلامتی کِیلئے دعائیں کیں۔
امریکی صدر اوباما اور خاتون اول مشل اوباما نے لوگوں کو کرسمس کی مبارکباد دی ۔یورپ بھر میں شدید سردی کے باوجود لوگ کرسمس جوش و خروش سے منارہے ہیں۔
برطانیہ ،جرمنی سمیت اکثریورپی ممالک میں سانتا کلازلوگوں میں تحائف تقسیم کررہے ہیں جبکہ گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات جاری ہیں، اس موقع پر شہر رنگا رنگ روشنیوں سے جگمگا رہے ہیں اور بازاروں میں خصوصی ڈسکاؤنٹ بھی دئیے جارہے ہیں۔ برقی قمقموں سے سجے دیوہیکل کرسمس ٹری سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
شام اور مصر میں بھی کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی دعائیں کی گئیں جس میں امن سے رہنے کا پیغام دیاگیا۔
عراق میں رہنے والے مسیحی بھی کرسمس کا تہوار جوش و خروش سےمنارہے ہیں،اس موقع پر لوگ ایک دوسرے کیساتھ خوشیاں اور تحائف بانٹنے میں مصروف ہیں۔
خوشبووں کے شہر پیرس میں کرسمس کے موقع پر ایفل ٹاور بھی جگمگا اٹھا، کرسمس کی خوشیاں کرسمس ٹری کے بغیر ادھوری ہیں۔
امریکی ریا ست ورجینیا میں سانتا کلاز نے واٹر اسکیٹنگ کرکے کرسمس کی خوشیاں دوبالا کر دیں۔