سڈنی : ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اور انڈیا مدِ مقابل ہیں۔
دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آسڑیلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور آورن فنچ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈیوڈ وارنر سات گیندوں پر 12 رنز بنا کر امیش یادو کی ایک گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
جس کے بعد آرون فنچ اور سٹیو سمتھ وکٹ پر موجود ہیں، آسٹریلیا نے اب تک 12اووروں میں ایک وکٹ کے نقصان پر 64رنز بنا لئے ہیں، سٹیو سمتھ 30، جب کہ آرون فنچ 11 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار ہے اسلئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے لیکن میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور آخری میچ جیتنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ کہ آسٹریلیا نے اب تک کرکٹ ورلڈ کپ میں کوئی سیمی فائنل نہیں ہارا، جب کہ بھارت نے تین میں سے دو سیمی فائنل جیتے ہیں، بھارت دفاعی چیمپیئن ہے۔
یہ میچ جیتنے والی ٹیم 29 مارچ کو ورلڈ کپ فائنل میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گی، جس نے 24 مارچ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔