دبئی: ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں بھی پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے انتالیس رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پھر کیوی بلے بازوں کی وکٹیں اڑنا شروع ہوگئیں۔ کوئی بھی بیٹسمین طویل اننگز کھیل نہ سکا،کیوی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں پر ایک سو چوالیس رنز تک محدود رہی۔کین ولیمسن بتیس اور لیوک رونچی نے اکتیس رنز بنائے۔ آفریدی اور عمر گل نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی باری آئی تو احمد شہزاد اور کپتان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں نے جلد بازی میں وکٹیں گنوائیں۔
جواب میں پاکستانی اوپنر اور وکٹ کیپر سرفراز احمد پہلے اوور میں محض ایک رن پر ہی ڈی وچ کی گیند پر آؤٹ قرار پائےجبکہ محمد حفیظ کو ڈی وچ نے ہی 9 رنز پر کیچ آؤٹ کردیا، حارث سہیل 3 رنز بنا کر ہینری کی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے تو 21 گیندوں پر 19 رنز بنا کر سعد نسیم بھی نیشام کی گیند پر کیچ دے کر پویلن لوٹ گئے۔جس کے بعد 15 ویں اوور میں احمد شہزاد 33 رنز پر ڈینیئل ویٹوری کی گیند پر وکٹ آؤٹ ہو گئے۔
عمر اکمل 13 بنا کر نیشام کا شکار بنےتو کپتان شاہد آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی لیکن ان کے ہمراہ کھیلنے والے انور علی 2 رنز بنا کر نیتھن مکلم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔اس کے باوجود کپتان نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز پر آؤٹ ہوئے۔