اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک ِ انصاف کی اطراف پولیس اورایف سی کے مزید دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصا ف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دھرنے بدستورجاری ہیں اور ہرگزرتے دن کے ساتھ دارالحکومت کا سیاسی موسم بتدریج گرم ہوتا جارہاہے۔
مبصرین کہتے ہیں کہ فریقین فائنل راؤنڈ میں داخل ہوچکے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت نے بھی کمر کس لی ہے اور آزادی اور انقلاب دھرنوں کےاطراف پولیس اور ایف سی کے مزید تازہ دم دستے تعینات کردیئے ہیں۔
شاہرہ دستور خالی کرنے کے عدالتی حکم کے بعد دھرنوں کے شرکا کے خلاف کریک ڈاؤن کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس پہلے حکومت کی جانب سے دھرنوں کے شرکاء کو متبادل جگہ کی پیشکس کی گئی تھی تاہم تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے اس پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔
اب انقلاب اور آزادی مارچ کے اطراف پولیس اورایف سی کے مزید دستے تعینات کرنے کے علاوہ لاٹھی برداراہلکاروں کو بھی وہاں تعینات کردیا گیا ہے اور سرکاری عمارتوں کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔