واشنگٹن: وفاقی وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ دہشتگردی اور غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے۔
واشنگٹن میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دیا میر اور بھاشا ڈیم پاکستان کی ضرورت اور حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔عالمی بینک کی جانب سے فنڈ کی منظوری پر امریکی حمایت کو سراہتے ہوئے وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ تین سال میں بجلی اور گیس کے بحران پر قابو پالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افراطِ زر کی شرح بارہ فیصد سے آٹھ فیصد تک لانے میں کامیاب ہوئے ہیں، اگر دھرنوں سے معیشت متاثرنہ ہوتی تو زردمبادلہ میں مزید اضافہ ہوتا۔
وزیرِدفاع خواجہ آصف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پائے بغیر قومی سلامتی کا تحفظ ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ پانی سے نوے ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ دیا میر بھاشا ڈیم بڑا منصوبہ ہے، امریکی سرمایہ داران منصوبوں سے فائدہ اٹھائیں۔