لاہور: جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت نے اکیسویں ترمیم کے ذریعے لسانی بنیادوں پر ملک توڑنے والوں کے لیے راستہ کھلا چھوڑ دیا ہے، رضا ربانی کے آنسو ضرور رنگ لائیں گے۔
لاہور میں سابق امیر قاضی حسین احمد کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری دہشتگردی کی ذمہ داری مسجد اور مدرسے پر نہیں ڈالی جاسکتی۔
انھوں نے کہا کہ دہشگردوں اور حکومت دونوں نے مذہب کو یرغمال بنالیا ہے، لسانی بنیادوں پر ملک توڑنے والوں کے لیے راستہ کھلا چھوڑ دیا گیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ مذہب کے خلاف اعلانِ جنگ کرکے حکومت امریکہ کو خوش کررہی ہے، اگر قومی وحدت قائم نہ ہوئی تو ایٹم بم بھی قوم کو تباہی سے نہیں بچا سکتا، رضا ربانی کے آنسو رنگ لائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ حکومتی شخصیات نے یقین دلایا کہ دینی مدارس کی جانب کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھے گا، پاکستان اب مزید لاشیں اٹھانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔