جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

لاہور: 4 قیدیوں کی سزا کالعدم، 2 قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ منسوخ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: لاہور ہائیکورٹ پنڈی بنچ نے سزائے موت کے چار قیدیوں کی سزا کالعدم قرار دیدی جبکہ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے فیصل آباد جیل میں سزائے موت کے دو قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ منسوخ کر دیئے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ پنڈی بنچ کی جانب سے جن چار قیدیوں کی سزائے موت کالعدم قرار دی گئی ہے، انہیں ٹرائیل کورٹ نے خودکش حملہ کیس میں سزا سنائی تھی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد جیل میں قید دہشتگرد فیض احمد کی پھانسی روکنے کیلئے دائر درخواست نمٹا دی، آئی جی جیل خانہ جات نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سپریم کورٹ میں فیصلے تک فیض احمد کو پھانسی نہیں دی جائے گی، ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے فیض احمد اور محمد شریف کے ڈیتھ وارنٹ منسوخ کر دیئے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، فیض احمد کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ اس کی اپیل سپریم کورٹ میں زیرالتواء ہے مگر اس کے باوجود سپرنٹنڈنٹ جیل نے ماتحت عدالت سے ڈیتھ وارنٹ حاصل کر لئے ہیں، انہیں منسوخ کیا جائے۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ جب معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ التوا ہے تو ڈیتھ وارنٹ کیلئے درخواست کیوں دائر کی۔ کیا سپرنٹنڈنٹ جیل ان حقائق سے بے خبر تھے۔ جب معاملہ عدلیہ میں ہو تو سپرنٹنڈنٹ جیل کو اس پر فیصلے کا اختیار نہیں۔

آئی جی جیل خانہ جات نے عدالت کو تحریری یقین دہانی کرائی کہ سپریم کورٹ میں اپیل کے فیصلے تک فیض احمد کو پھانسی نہیں دی جائے گی، جس کے بعد عدالت نے فیض احمد کی درخواست نمٹا دی۔

ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت نے فیصل آباد جیل میں قید سزائے موت پانے والے فیض احمد اور محمد شریف کے ڈیتھ وارنٹ منسوخ کر دئیے ہیں، دونوں ملزمان کی اپیلیں سپریم کورٹ میں زیرِ التوا ہیں۔

فیض احمد اور محمد شریف کو ننکانہ صاحب میں دہشت گردی کی واردات میں لانس نائیک مولا بخش اور طارق محمود کو شہید کرنے کے الزام میں پھانسی کی سزا ہوئی تھی۔

اہم ترین

مزید خبریں