اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےکہا ہے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے خلاف افغان انٹیلیجنس کا آپریشن کامیابی سےجاری ہے، دہشتگردوں کے خلاف سخت قوانین بنانا ہوں گے۔
آل پارٹیز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے سخت قوانین اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیرِاعظم کی زیرِصدارت آل پارٹیز کانفرنس میں آرمی چیف نے بریفنگ میں بتایا کہ افغان آرمی چیف اور ایساف کمانڈر کے ساتھ ملاقات بہت کامیاب رہی، دونوں کمانڈرز نے دہشتگردی کے خلاف تعاون کا یقین دلایا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ تحریکِ طالبان پاکستان کے خلاف ایساف اور افغان انٹیلیجنس کا آپریشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، افغان سرحد کے قریب آپریشن میں ڈیڑھ سو دہشتگرد ہلاک کئے۔
آرمی چیف نے کہا کہ فوج نےدہشتگردوں کے خلاف مختلف آپریشنز شروع کر رکھے ہیں، آپریشن ضربِ عضب اور خیبر ون کامیابی سے جاری ہے، آپریشن ضربِ عضب کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔