واشنگٹن : امریکی صدربراک اوباما کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اسلام کے خلاف نہیں بلکہ اسلام کا نام لیکر کارروائیاں کرنے والوں کے خلاف ہے۔
وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کوئی مذہب قتل وغارتگری کی اجازت نہیں دیتا، دہشت گرد ایک ارب مسلمانوں کی ترجمانی نہیں کرتے بلکہ شدت پسند تنظیمیں اسلام کو بدنام کررہی ہیں، شدت پسند تنظیموں کو روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
صدر اوباما نے کہا کہ جو لوگ دولت اسلامیہ اور القاعدہ کی سرکردگی کر رہے ہیں وہ مذہبی رہنما نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ تہذیبوں کی نہیں ، اس جنگ میں فتح کیلئے مغرب اور مسلم رہنماؤں کا اتحاد ضروری ہے۔
اوباما کا کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردوں کے خلا ڈٹا ہوا ہے اور انتہا پسندی کے خلاف تمام ممالک کو متحد ہونا پڑے گا، ان کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ اسلام کے خلاف نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات سے بھٹکے ہوئے لوگوں کے خلاف ہے۔
انھوں نے کہا کہ القاعدہ اور داعش اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، داعش اور دہشت گرد ایک ارب مسلمانوں کے نمائندہ نہیں اور اسے روکنا سب کی ذمہ داری ہے۔