کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی فون کر کے انکی 61ویں سالگرہ کی دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی صحت وتندرستی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
دونوں رہنماؤں کی گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال ،سیلاب کی تباہ کاریوں، حکومت اور دھرنے دینے والی جماعتوں کے درمیان مذاکرات اور دیگر امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا، الطاف حسین نے رحمان ملک سے پی آئی اے کے جہاز میں پیش آنے والے واقعہ کی تفصیل بھی معلوم کی، رحمان ملک نے الطاف حسین کو بتایا کہ پی آئی اے فلا ئٹ کی تاخیر میں انہیں بلاوجہ ملوث کر کے بدنام کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب ایم کیوایم برطانیہ کے تحت لندن میں الطاف حسین کی 61 ویں سالگرہ انتہائی سادگی سے منائی گئی جس میں الطاف حسین نے خصوصی شرکت کی، تقریب میں ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اوران کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی الطاف حسین کی ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ آمد پر کارکنان اورہمدردوں نے فلک شگاف نعروں اور زبردست تالیوں کی گونج میں الطاف حسین کا خیرمقدم کیا ۔