کولکتہ: بھارت کے روہت شرما نے ون ڈے میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا، روہت شرما کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میچ میں ایک سو ترپن رنز سے شکست دی ہے۔
ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا سہواگ نے اور اب سہواگ کا ریکارڈ ایک اور بھارتی بیٹسمین روہت شرما کانشانہ بنا، کولکتہ میں حریف سری لنکا کے خلاف روہت شرما آئے اور چھاگئے، روہت شرماکی اننگز لنکنز کے لئے ڈراؤنا خواب بن گئی۔ روہت شرما سے قبل وریندر سہواگ کو دو سو انیس رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل تھا۔
روہت شرما نے تینینتس چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے دو سو چونسٹھ رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور ون ڈے میں دو ڈبل سینچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے، اس سے قبل شرما نے آسٹریلیا کے خلاف دو سو نو رنز کی بڑی اننگز کھیلی تھی۔
ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں بھارت نے پانچ وکٹوں پر چار سو چار رنز بنائے،بھارتی بلے بازروہت شرما نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیرئیر کی دوسری ڈبل سنچری اسکور کی اور دو سو چونسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جواب میں سری لنکن ٹیم کے بیٹسمین جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹیں گنواتے رہے، کپتان اینجلو میتھیوز نے پچھتر رنز کی اننگز کھیلی اور تھریمانے نے انسٹھ رنز بنائے، سری لنکن ٹیم دو سو اکیاون رنز پر آؤٹ ہوگئی، دھوال کلکرنی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ سولہ نومبر کو رانچی میں ہوگا۔