سانحہ ماڈل ٹاؤن پر سیشن عدالت کی جانب سے وزیراعظم اور وزیراعلٰی سمیت 21 شخصیات کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
درخواست وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیشن عدالت نے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم اور جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے سے پہلے ہی فیصلہ سنایا جبکہ ابھی تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کا تعین نہیں ہو سکا۔
مؤقف میں کہا گیا ہے کہ سیشن عدالت نے بہت سے حقائق کو نظر انداز کیا ہے، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلٰی شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ سمیت 21 شخصیات کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم غیرقانونی ہے، استدعا ہے کہ اسے کالعدم قرار دیا جائے۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ نے معاملہ جسٹس محمود مقبول باجوہ کو بھجوا دیا ہے۔ مقدمے کی سماعت آج ہی ہوگی۔