سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان کرکٹ ٹیم پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو شکست نہ دے سکی، سری لنکنز دو وکٹوں سے کامیاب رہے، لیکن سیریز تین دو سے گرین شرٹس نے جیتی ہے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ احمد شہزاد،شرجیل خان اور صہیب مقصود جلد آؤٹ ہوگئے۔ ان فارم بیٹسمین محمد حفیظ سے ایک اور سنچری کی امید تھی،بدقسمتی سے وہ اکتالیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مصباح الحق نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور بڑھایا اور اکیاون رنز کی اننگز کھیلی۔ عمراکمل بیس رنز پر ہمت ہار گئے۔
ایک سو چھتر رنز پر سات کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوجانے کے بعد انور علی نے ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگانے کی کوشش کی، مگر انکا ساتھ دینے والے جلد وکٹیں گنوا بیٹھے، قومی ٹیم دو سو بتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، انور علی نے ناقابل شکست اکتالیس کی اننگز کھیلی۔ لاستھ ملنگا نے چارکھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سری لنکن اوپنرز نے عمدہ آغاز فراہم کیا۔
پریرا سینتالیس اور دلشن پینتالیس رنز بناکر آؤٹ کیا ہوئے۔۔ سری لنکن ٹیم کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئی۔۔ چندی مل پاکستان کی کامیابی میں رکاوٹ بنے رہے، سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ گیندوں پر تین رنز درکار ہیں، اجنتامینڈس نے گیند کو باؤنڈری پار پہنچا دیا اور سری لنکا دو وکٹوں سے کامیاب ہوگیا، جنید خان نے تین، سعید اجمل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔