کراچی: آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی کا ہونے والا اجلاس اختتام پزیر ہوگیا، سلیکشن کمیٹی میں کھلاڑیوں کے ناموں پر اتفاق نہ ہونے کے باعث قومی ٹیم کا اعلان کل تک موخر کردیا گیا۔
آسٹریلیا کیخلاف یو اے ای میں ہونے والی سیریز کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی کا نیشنل اسٹیڈیم کئی گھنٹوں تک اجلاس جاری رہا لیکن کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، سلیکشن کمیٹی میں کھلاڑیوں کے ناموں پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کا اعلان تاخیر کا شکار ہوگیا، سلیکٹرز یونس خان کے معاملے پر تذبذب کا شکار رہے۔
کپتان مصباح الحق کا یونس خان کو ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے پر اسرار ہے جبکہ سلیکشن کمیٹی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینےپر زور دے رہی ہے، ون ڈے ٹیم کے لئے رضا حسن مضبوط امیدوار ہے، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے کھلاڑیوں کی فہرست چیئرمین پی سی بی کو بھجوادی گئی ہے، قومی ٹیم کا اعلان شہریان خان کی منظوری کے بعد ہوگا۔