راولپنڈی : وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ لیاری گینگ وار کا مرکزی کردار عزیر بلوچ حکومت کی نظر میں ہے،اسے بھاگنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معظم علی خان اور حماد صدیقی کے بارے میں اہم حقائق قوم کے سامنے جلد لائیں گے،ان کا مزید کہنا تھا کہ ایگزیکٹ کے خلاف مزید ایف آئی آر کٹ سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سے ناراضگی دور ہوتے ہی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ایک بار پھر سرگرم ہو گئے۔
راولپنڈی کے قریب ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو گئی ہے، تاہم ڈیڑھ کروڑ کی آبادی میں حالات بہتر بنانے میں وقت لگے گا۔
تقریب سےقبل غیر رسمی گفتگومیں ان کا کہنا تھا کہ لیاری گینگ وار کا سربراہ عذیر بلوچ ان کی نظر میں ہے اسے بھاگنے نہیں دیں گے۔
چوہدری نثار کا کہنا تھاکہ وہ عذیر بلوچ اور حماد صدیقی کے حوالے سے آئندہ چند دنوں میں اہم معاملات سامنے لائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ معظم علی کے معاملے پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاملات طے ہوگئے ہیں جن پر جلد پیش رفت ہوگی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جلعی ڈگریوں کے مسئلہ پر ایگزیکٹ سےمتعلق معلومات کیلئےبرطانیہ اور ایف بی آئی کو مدد کیلئےخط لکھا ہے، جلد متحدہ عرب امارات کوایگزیکٹ سےمتعلق خط لکھاجائےگا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ بول کےملازمین کو ہراساں کرنے کی ہدایت نہیں کی گئی، انہوں نے بتایا کہ ایگزیکٹ سےمتعلق شواہد ملنےکےبعد مزید ایف آئی آرز کا اندراج ہوسکتاہے۔