لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی ہے کہ حق پرست رکن قومی اسمبلی علی رضاعابدی کے ریسٹورنٹ پر رینجرز کے چھاپے کے دوران قبضہ میں لی گئی تمام اشیاء واپس کرائی جائیں اورانکے ریسٹورنٹ کی غیرقانونی بندش فی الفورختم کرائی جائے۔
ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ رینجرز اہلکاروں نے جمعرات کی شب کلفٹن کے علاقے میں حق پرست رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ پر غیرقانونی چھاپہ مارکر ریسٹورنٹ کے مینیجراور علی رضاعابدی کے کزن کو گرفتارکیا اور ریسٹورنٹ کو سیل کردیا ۔
رینجرز کی جانب سے ریسٹورنٹ پر تالے ڈالنے کے مختلف جواز پیش کیے جارہے ہیں اور علی رضا عابدی کو معاشی طورپر نقصان پہنچا کر ہراساں کیاجارہا ہے ۔
الطاف حسین نے کہاکہ علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ پر چھاپے کے دوران رینجرزکے اہلکاروں نے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر، کیمرہ ریکارڈنگ اور دیگر اشیاء اپنے قبضے میں کرلیں ۔
الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ اس سے پہلے کہ ان اشیاء کو ضائع کیاجائے یہ تمام اشیاء رینجرز کے قبضے سے واگزار کراکرواپس کرائی جائیں اور علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ کی غیرقانونی بندش فی الفورختم کرائی جائے۔