اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وفاقی حکومت سے قاتلانہ حملے میں ز خمی ہونے والے پمز ہسپتال کے ڈاکٹر شاہد نواز کو علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں عمران خان نے ڈاکٹر شاہد نواز پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر شاہد نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت انہیں ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرے۔اگر ان کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں تو وقت ضائع کیے بغیر انہیں بیرونی ملک بھیجا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد نواز کی خدمات ملک کی ضرورت ہے حکومت ڈاکٹرز اور دیگر پروفیشنلز کے تحفظ اور ان کی جانوں کی حفاظت کیلئے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے،پمزہسپتال کے ڈاکٹر شاہد نواز کل قاتلانہ حملے میں زخمی گئے تھے۔