اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ یومِ عاشور پر شاعرمشرق کے اشعار کو مشعل راہ بنانا ہوگا، شہری امن وامان کے قیام کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔
یومِ عاشور پر خصوصی پیغام میں وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عوام یومِ عاشور پر امن وامان کے لئے قومی فرض ادا کریں اور امن کے قیام کے لئے حکومت کا ساتھ دیں، وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر حال میں ممکن بنایا جائے۔
ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ واقعہ کربلا حق اور باطل کا ایک ایسادلخراش معرکہ ہے، جسے رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین، اہل بیت اوران کے رفقاء کی قربانیاں حق کے راستے پر چلنے والوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔
الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم عاشور کے موقع پر اپنے درمیان اتحاد و بھائی چارے کو برقرار رکھیں۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ شہداکربلا نے صبر استقامات اور حق کے لیے جدوجہد کرنے کا سبق دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کربلا نے باطل قوتوں کے سامنے سر نہ جھکانے کا درس دیا، شہدا کربلا کی قربانی پوری امتِ مسلمہ کے لئے قابل تقلید مثال ہے۔