کراچی : محکمہء داخلہ سندھ نے عیدالاضحی کے موقع پر اسلحہ لے کر چلنے کے خصوصی اجازت نامے منسوخ کردیئے جبکہ وہی ادارے کھالیں جمع کرسکتےہیں، جنہیں اجازت نامے ملے ہوں۔
محکمہء داخلہ سندھ کی جانب سے صوبے میں اسلحہ لے کر چلنے کے خصوصی اجازت نامے کی منسوخی کا فیصلہ سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیازعباسی کی زیرِصدارت اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ عید کے تینوں روز اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ عید کےاجتماعات میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔
اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ وہی ادارے کھالیں جمع کر سکتےہیں جنہیں اجازت نامےملے ہوں جبکہ قربانی کی کھالیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے بارے میں متعلقہ تھانوں کو آگاہ کرنا ہو گا تاکہ سیکیورٹی فراہم کی جاسکے۔
سیکرہٹری داخلہ نے ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، سیکریٹری داخلہ نے رینجرز اور پولیس کو قانون کی عملداری یقینی بنانے پر زور دیا، اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عید پرعوام میں بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کرنیوالے شرپسندوں کے ارادوں کو انٹیلیجنس نیٹ ورک سے ناکام بنائیں گے۔