لندن :متحدہ کے قائد الطاف حُسین کا کہنا ہے کہ اُن کا فلسفہ حقیقت پسندی اور عملیت پسندی ہی مسائل کا حل ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے پاکستان اورلندن کی رابطہ کمیٹی اور مختلف شعبہ جات کو” رئیل ازم اور پریکٹیکل ازم “ کے موضوع پر دیئے گئے ایک لیکچر میں کہا کہ میری فلاسفی ” رئیل ازم اورپریکٹیکل ازم “ ایک ایسا پیمانہ اورایسا فکری آلہ ہے، جس پر ہرنظریہ اور منشور کوجانچا اور پرکھا جاسکتا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ یہ فلاسفی صرف نظام کی خرابیوں اور معاشرتی بیماریوں کی تشخیص ہی نہیں کرتی بلکہ اس کے علاج کیلئے عملی اقدامات کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف رئیل ازم سے مسائل حل ہونہیں سکتے اور پریکٹیکل ازم کے بغیررئیل ازم بے معنی ہے، انہوں نے کہا کہ حقیقت پسندی یہ ہے کہ فرسودہ جاگیردارنہ نظام اور اختیارات کی مرکزیت ہی پاکستان کے مسائل کا سبب ہے اورعملیت پسندی کا تقاضہ ہے کہ اس فرسودہ نظام کوجڑسے اکھاڑ پھینکا جائے۔