شامی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کی تاریخی شہر پیلمائرا کی جانب پیش قدمی کے سبب سرکاری فوج شہر سے پسپا ہو گئی ہے۔
دولتِ اسلامیہ گذشتہ ایک ہفتے سے قدیم تاریخی شہرپیلمائرا کی جانب پیش قدمی کررہی تھی۔
پیلمائرا کو تدمر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اوریہاں اسلام کی آمد سے قبل پہلی اور دوسری صدی کے آثارِ قدیمہ موجود ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جنگجو شہر پر قبضے کے بعد اس تاریخی ورثے کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
شام کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ حکومتی افواج نے شہرخالی کردیا ہے اور بیشترشہریوں کو بھی وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔
ٹی وی کا یہ بھی کہنا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے جنگجو اب شہرکے جنوب میں واقع صدیوں پرانے کھنڈرات کا رخ کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دولت اسلامیہ نے عراق میں نمرود اور حضر جیسے قدیم شہروں پر قبضے کے بعد وہاں موجود صدیوں پرانے تاریخی آثارکو تباہ کردیا تھا۔