پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، پاکستان نے سیزفائر کی درخواست نہیں کی، ڈی جی آئی ایس پی آر

اشتہار

حیرت انگیز

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان نے سیزفائر کی کوئی درخواست نہیں کی تھی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ بھارت کا کوئی بھی پائلٹ پاکستان کی تحویل میں نہیں، فضائیہ، نیوی اور بری فوج نے ایک ساتھ موثر طریقے سے ایکشن کیا، ان کی کوئی حرکت ہو یا ایکشن ہماری فورسز تیار ہیں، پاکستان کے ردعمل کے بعد دنیا نے دیکھا کہ کس نے کہا تنازع نہیں بڑھانا چاہتے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر حکومت کی پوزیشن کلیئر ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اور بھارت میں امن نہیں آسکتا، کشمیر فلیش پوائنٹ، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پہلگام کے بعد کشمیریوں کے گھروں کو گرایا گیا۔

پاکستان نے کنٹرول لائن پران فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جو آزاد کشمیر میں معصوم شہریوں پر حملے کررہے تھے، بھارت میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پرحملے ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے اڑی نیٹ ورکس اسٹیشن، پونچھ راڈار کو نشانہ بنایا، پاکستان کےخلاف استعمال ہونے والے 26 بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، بیاس اور نگروتا میں براہموس اسٹوریج کو تباہ کیاگیا۔

بھارتی جارحیت میں زخمی ہونیوالے شہریوں کیلئے دعاگو ہیں، ہمارے دل اور دعائیں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہم بہادرمیڈیا کے شکرگزار ہیں جوبھارتی پروپیگنڈے کےخلاف آہنی دیوارکی طرح کھڑی ہوئی۔

احمد شریف نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کے ممنون ہیں جو افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے، سیاسی جماعتوں کی قیادت کے ممنون ہیں جو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر وطن کے دفاع کیلئے متحد ہوئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواج وزیراعظم اور کابینہ کی قائدانہ صلاحیتوں اور جرات مندانہ فیصلوں کی قدردان ہے، پاکستانی افواج نے بھرپور سائبر حملے بھی کیے، بھارتی فوج کے زیراستعمال سسٹمز کو مفلوج کیا، بھارت کے 26 اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستانی فضا کی خلاف ورزی کی تاکہ عوام کو ہراساں کیا جاسکے، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان کے مسلح ڈرونز بھارت کے بڑے شہروں پر پرواز کرتے رہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے مسلح ڈرونز بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں بھی پرواز کررہے تھے، پاکستان نے مسلح ڈرونز بھیجے تاکہ بتایا جاسکے ڈرونز کے ڈومین میں موجودہ وارفیئر میں کوئی فائدہ نہیں، افواج پاکستان نے بھرپور سائبر حملے بھی کیے، بھارتی انفرااسٹرکچر کو مفلوج کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کے پاس ایسی کئی جنگی صلاحیتیں ہیں جن میں سے کچھ کا استعمال اس تنازع میں کیا گیا، پاکستان نے کئی جنگی صلاحیتیں آئندہ کےلیے محفوظ کررکھی ہیں۔

بھارتی اشتعال انگیزی کے مقابلے میں پاکستان کا ردعمل متوازن اور محدود نوعیت کا رہا، پاکستان نے آپریشن کے دوران یقینی بنایا کہ کوئی عام شہری متاثر نہ ہو۔

پاک فوج نے اپنی قوم سے 3 چیزوں کا وعدہ کیا تھا، ہم نے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کا جواب بھرپور ہوگا، ہم نے قوم سے کہا تھا کہ ہمارے جواب کا وقت، مقام اور طریقہ ہم خود طے کرینگے، ہم نے کہا تھا جب ہم جواب دینگے تو صرف بھارتی میڈیا نہیں دنیا کے میڈیا کو پتاہوگا۔

انھوں نے کہا کہ افواج دفاع میں مصروف تھیں تو کےپی، بلوچستان میں دہشت گردی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا، بھارت اپنی پراکیسز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے،

آپریشن بنیان مرصوص ایسی شاندار مثال ہے جس میں قوم کی تمام طاقتیں متحد ہوئیں، جب کبھی ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی جائےگی ہمارا جواب فیصلہ کن ہوگا، افواج نے اپنی قوم سے وعدہ کیا تھا کہ بھارت کو بھرپور جواب دیا جائےگا۔

احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام کے بیانات سے بھی ظاہر ہوتا ہے پاکستان نے ملٹری ٹارگٹ کے علاوہ کہیں اور نشانہ نہیں بنایا، بھارتی میڈیابھی یہی رپورٹ کررہا ہے کہ پاکستان نے صرف ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

انھوں نے کہا کہ اس طرح کی بےشمار ٹیکنالوجی کی صلاحیتیں مستقبل میں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں، ہم نے پہلے ہی یہ کہا تھا ہماری یہ تربیت نہیں کہ سویلینز کو نشانہ بنائیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری نے بھارت کے خلاف کامیابی سے کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کی تفصیلات بھی بتائیں۔

ترجمان مسلح افواج نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کا بھارت کو جواب تاریخی اور بروقت رہا ہے آپریشن بنیان مرصوص میں سورت گڑھ، سرسہ، آدم پور، اونتی پورہ ،ادھم پور، پٹھان کوٹ میں اہداف کونشانہ بنایا، دو مقامات پر بھارت کے ایس 400 سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ مربوط طریقے اور ذمہ داری سے ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا جس میں فتح گائیڈڈ میزائل ون اور ٹو کو استعمال کیا گیا، بھارت میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پر حملے ہوئے، سورت گڑھ، سرسہ، بھوچ، نالیہ، آدم پور، بھٹنڈا، برنالہ، حلواڑہ، اونتی پورہ، سری نگر، جموں ادھم پور، مامون، امبالہ پٹھان کوٹ میں ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے فیلڈ سپلائی ڈپو اڑی اور پونچھ میں ریڈار سسٹم کو تباہ کیا گیا، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے ملٹری کمانڈ ہیڈکوارٹرز کو تباہ کیاگیا، کےجی ٹاپ میں 10بریگیڈ اور نوشیرہ میں 80 بریگیڈ کو تباہ کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں