لاہور میں گتے اور فوم بنانے والی فیکٹری میں آگ لگ گئی، جس کے باعث دو سکیورٹی گارڈز جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق لاہور میں قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت میں واقع ایک فیکٹری میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ڈیوٹی پر موجود دوسکیورٹی گارڈز نے ریسکیو کو اطلاع کرنے کے بعد آگ بجھانے کی کوشش کی، اس دوران دونوں بری طرح جھلس گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے عمران نامی سیکیورٹی گارڈ کو جناح ہسپتال جبکہ نذیر نامی سیکیورٹی گارڈ کو جنرل ہسپتال منتقل کیا لیکن دونوں جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑ گئے، ریسکیو اہلکاروں نے دو گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، ہلاک ہونے والے دونوں سکیورٹی گارڈز کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔
آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ گیس ہیٹر کی وجہ سے لگی، پولیس نے کچھ ملازمین کو بھی تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا ہے۔