لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار گلو بٹ کے خلاف گواہان نے بیان قلمبند کرادیئے ہیں، گلو بٹ نے جس ڈنڈے سے توڑ پھوڑ کی تھی وہ بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن کےمرکزی کردار گلو بٹ کو سخت سیکورٹی میں انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالتی حکم کے مطابق پیشی کے دوران گلو بٹ کا ہتھیار وہ ڈنڈا جس سے توڑ پھوڑ کی گئی تھی، عدالت میں پیش کیا گیا۔
کانسٹیبل محمد بوٹا اور کانسٹیبل عمران نے گلو بٹ کے خلاف بیان قلمبند کرایا، جس کے بعدعدالت نے مزید سماعت سولہ اکتوبر تک ملتوی کردی۔
سماعت کے بعد عدالت کے باہر گلوبٹ اور گواہان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
گلوبٹ کا کہنا تھا کہ اگر مجھےکچھ ہوا تو سب کی وردیاں اتریں گی اور میں بھی سچ بولوں گا، جس پر کانسٹیبل عمران نے کہا کہ جو کچھ کیا ہے، اب ڈر کیوں رہے ہیں۔
پیشی کے موقع پر گلوبٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ پر بھروسہ ہے، میڈیا والے ساتھ دیں، گلو بٹ کا ڈرائیور بھی گلو بٹ سےکم نہ نکلا، ڈرائیور نے کوریج کےلئے آنے والے میڈیا نمائندوں پر گاڑی چڑھا دی، جس سےنجی ٹی وی چینل کا ایک کیمرہ مین زخمی ہوگیا۔