پنجاب: لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں موسلادھاربارش سے پنجاب اسمبلی کے احاطے کی دیوار گرگئی ۔
بارش کا پانی پنجاب اسمبلی کے احاطے کی دیوار کو گزشتہ رات ڈھیر کرگیا اور کھمبا بھی گرا گیا،لاہور میں شہریوں کا کہنا ہےکہ پنجاب اسمبلی میں بیٹھے عوامی نمائندوں کو ایوان کی عمارت کی ہی فکر نہیں تو شہرکی کیا پرواہ کریں گے۔
لاہور سمیت پنجاب میں بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے لاہور کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے۔
لاہور سمیت جنوبی اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے موسم کو پھر سے سرد بنادیا ہے، ننکانہ صاحب، سرگودھا، میاں چنوں، کوٹ مومن ، پیر محل اوربھکر میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کی زد میں ہیں۔
شدید موسلادھاربارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، اوکاڑہ، گجرانوالہ اور عارف والا میں موسلا دھار بارش کیساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کے باعث لاہورائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔
جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر بھی بارش سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور،راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں مزید بارش کا امکان ہے۔