لندن میں اپولوتھیٹر کی عمارت کا ایک حصہ دوران شو گرنے سے نوے سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے گیارہ کی حالت تشویشناک ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کے اپولو تھیٹر کی عمارت کا حصہ شو کے دوران گرنے سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے، جب تھیٹر کی چھت گری تو اس وقت وہاں شو جاری تھا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
تھیٹر میں موجود لوگوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پولیس کو اطلاع دی، پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کرملبے تلے دبے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا، حادثے کے وقت تھیٹر میں تقریبا سات سو بیس افراد موجود تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشن مکمل کرکے تھیٹر کو سیل کردیا گیا ہے، لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق حادثے میں نوے سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں سے گیارہ کی حالت تشویشناک ہے۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فائر بریگیڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے اہلکار تھیٹر کی چھت کا معائنہ کر رہے ہیں اور ابھی تک چھت گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔